گھیا کدو کی کاشت اورحفاظتی تدابیر

Author : Muhammad Afzal
Working to advance the whole of Pakistani agriculture that improve profitability, stewardship and quality of life by the use of Technology.
Studied at : KTH Royal Institute of Technology, Stockholm Sweden.
Co-founder : Nordic Experts AB Sweden
Lives in : Stavanger, Norway
From : Shorkot, Dist Jhang Pakistan
Timestamp: 31 December 2017 08:59 am

گھیا کدو موسم گرما کی ایک اہم اور انتہائی مفید سبزی ہے۔ پاکستان میں وسیع رقبہ پر کاشت کیا جاتا ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں کاشت کیا جاتا ہے ۔پنجاب میں 2011-12کے دوران گھیا کدو 5504ایکڑ رقبہ پر کاشت کیا گیاع جبکہ پیداوار 27842ملین ٹن ریکارڈ کی گئی۔ گھیا کدو کی اوسط پیداوار تقریباً 136ملین ٹن فی ایکڑ ہے۔ غذائی اعتبار سے گھیا کدو میں نشاستہ، چکنائی، کیلشیم، آئرن، فاسفورس اور حیاتین کے اجزاء پائے جاتے ہیں۔ گھیا کدو کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے اور یہ شوگر، بلڈپریشر، دل، جگر، پھیپھڑوں، کھانسی اور دمہ کے امراض کو کنٹرول کرنے میں بہت مفید ہے۔ میدانی علاقوں میں عام طور پر گھیا کدو کی تین فصلیں کاشت کی جاتی ہیں۔

پہلی فصل فروری/مارچ ، دوسری جولا ئی/ اگست میں جبکہ تیسری فصل اکتوبر کے آ خر یا نومبر کے شروع میں کاشت کی جاتی ہے۔ اکتوبر نومبر میں کاشت ہونے والی فصل کو کہر کے اثر سے محفو ظ کرنے کے لیے سرکنڈے وغیرہ کے چھپر استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پہا ڑوں پر اس کی کاشت اپریل اور مئی میں کی جاتی ہے۔اسکی عام طور پر دو اقسام کاشت کی جاتی ہیں۔ ایک قسم گول اور دوسری لمبی ہوتی ہے جسے لوکی بھی کہتے ہیں جو زیادہ ترپہاڑی علاقوں میں کاشت کی جاتی ہے۔ ترقی دادہ اقسام میں فیصل آباد گول زیادہ پیداوار دینے والی قسم ہے۔اچھی روئیدگی والا دو سے اڑھائی کلوگرام بیج ایک ایکڑکے لیے کافی ہوتا ہے۔زرخیز میرا زمین جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں موجود ہو اور پانی دیر تک جذب رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہو موزوں ہے۔ تھور اور سیم زدہ زمینو ں میں اسے کاشت نہیں کرنا چا ہئے۔

بوائی سے ایک ماہ پہلے 10سے15ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر زمین میں اچھی طرح ملا دیں اور بعد میں کچی راؤنی کر دیں وتر آنے پر زمین میں ہل اور سہاگہ چلائیں۔ اس طرح کھیت میں موجود جڑی بوٹیوں کے بیج اُگ آئیں گے جو کاشت کے وقت زمین کی تیاری کے دوران آسانی سے تلف کیے جاسکتے ہیں۔ بوائی کے وقت تین سے چاربار ہل اور سہاگہ چلائیں تاکہ زمین نرم اور بھربھری ہو جائے۔ زمین کا ہموار ہونا بہت ضروری ہے۔ زمین کی تیاری کے بعد کھیت میں 3 سے4میٹر کے فاصلے پر ڈوری سے نشان لگائیں اور ان نشانوں کے دونوں اطراف چار بوری سنگل سپر فاسفیٹ ، ایک بوری امونیم سلفیٹ اور ایک بوری پوٹاش یا ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور ایک بوری پوٹاش فی ایکڑ ملا کر ڈال دیں۔ بعد ازاں نشانوں سے مٹی اٹھا کر پٹڑیاں بنائیں ۔

اس بات کا خاص طور پر خیال کریں کہ پٹڑیوں کے درمیان والی نالی 40 سے50 سینٹی میٹر چوڑی اور 20 سے 25 سینٹی میٹر گہری ہو۔ اس طرح زمین کاشت کیلئے تیار ہو جاتی ہے۔پٹڑی کے دونوں کناروں پر50-40سینٹی میٹر کے فاصلہ پر دو دو بیج مناسب گہرائی پر بذریعہ چوکا لگائیں۔ اگر کاشت سے 10-8 گھنٹے قبل بیج کو پانی میں بھگو دیں تو اسکا اگاؤ بہت اچھا ہو جاتا ہے۔ پہلا پانی کاشت کے فوراً بعد لگا دیا جائے اور خیال رکھیں کہ پانی بیج کی سطح سے اوپر نہ جائے وگرنہ کرنڈ کی وجہ سے بیج کا اُگاؤ متاثر ہو گا۔ اگر آبپاشی شام کے وقت ہو تو اس کا بہت فائدہ ہوتا ہے اس کے بعد ایک ہفتہ کے وقفہ سے آبپاشی کرتے رہیں۔

بارش ہونے کی صورت میں آبپاشی کا دورانیہ بڑھایا جا سکتا ہے۔ اُگنے کے بعد جب فصل تین چا ر پتے نکال لے تو ہر جگہ ایک صحت مند پودا چھوڑ کر باقی پودے نکال دیں۔ فصل کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھنے کیلئے مختلف اوقات میں تین چار مرتبہ گوڈی کریں۔ ہر تیسری یا چوتھی چنائی کے بعد ایک بوری امونیم نائٹریٹ یا آدھی بوری یوریا نالیوں میں بکھیر کر گوڈی کرنے اور مٹی پودوں کی جڑوں کے ساتھ لگاکر آبپاشی کرنے سے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو جاتاہے

 
 
By continuing to use kisanlink you accept our use of cookies (view more on our Privacy Policy). X